اسلام آباد (صباح نیوز) ملک سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے اور مسافروں کو ’’خوفِ خدا‘‘ دلانے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) بھی اب میدان میں آگئی ہے اور اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ قومی ایئرلائن کی پروازوں سے قبل مسافروں کو ’’انٹی کرپشن گانے‘‘ سنوائے جائیں گے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس حوالے سے پی آئی اے چیئرمین کو تجاویز بھیجی تھیں جس میں درخواست کی گئی تھی کہ پروازوں کے دوران ’’انٹی کرپشن گانوں‘‘ کو یقینی بنایا جائے۔ دستاویزات کے مطابق، ’’پی آئی اے پروازوں کے دوران ایئرہوسٹسز انسداد بدعنوانی کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائیں گی‘‘۔ اس حوالے سے نیب کے ایک سینئر آفیسر کا کہنا تھا کہ یہ پیغامات ’’مسافروں کو خوفِ خدا دلانے‘‘ میں موثر ثابت ہوں گے۔ دوسری جانب نیب کی ڈائریکٹر جنرل اویئرنس عالیہ رشید نے ایک نجی ٹی وی کوفون پر بتایا، ’’ٹیک آف سے پہلے جہاز میں سوار مسافر حفاظتی دعا پڑھتے ہیں، اسی وقت ائرہوسٹس کرپشن کیخلاف پیغامات پڑھ کر سنائیں گی اور مسافر اس عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ کرپشن نہیں کریں گے‘‘۔