اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ بی بی سی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں ہمارے خطے کے امن کیلئے بھی خطرہ ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران پر پابندیاں امریکہ کیلئے نقصان دہ ہوں گی۔ انکا کہنا تھا امریکی صدر کی متعصبانہ‘ مسلمان مخالف پالیسیاں امریکہ کے لئے نقصان دہ ہوں گی۔ بی بی سی کے مطابق عمران نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں اپنے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اشرافیہ ہر سال اربوں روپے بیرون ملک علاج اور بچوں کی تعلیم پر خرچ کرتے ہیں۔ جو پیسہ کینسر کے علاج کیلئے بیرون ملک خرچ کیا جاتا ہے ان سے ہر سال پاکستان میں ایک ہسپتال قائم کیا جا سکتا ہے۔ میری بات کرنے کا مقصد پاکستان کو اپنے پاو¿ں پر کھڑا کرنا تھا، دوسروں پر انحصار ختم کیا جا سکے۔ عمران کی توپوں کا رخ طویل عرصے سے چونکہ میاں نواز شریف اور انکے خاندان کی جانب ہے لہٰذا ویزے پر پابندی کے اس بیان کا مرکز شریف خاندان ہی تھا جو اکثر علاج اور معائنے کے لیے بیرون ملک جاتے رہتا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا تھا کہ جب شریف خاندان پر بھی ویزے کی پابندی ہو گی تو وہ پاکستان پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ جتنی توقع کر رہے تھے ٹرمپ اس سے زیادہ ناامید کیا ہے۔ علاوہ ازیں عمران نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا ایک اور ثبوت سامنے آگیا۔ قطری خط جھوٹ اور جعلسازی پر مبنی ہے۔ قطری سفیر نے خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔ سفیر کے مطابق یہ نواز شریف کا ذاتی معاملہ ہے۔ سفیر کا کہنا ہے کہ قطری حکومت کا خط سے کوئی تعلق نہیں۔ قطری سفیر کا بیان خط کے جعلی ہونے کو مزید تقویت دیتا ہے۔
عمران