سرینگر (آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز سے منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان گزشتہ ستر برس سے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی محاذ پر مدد و اعانت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک فریق ہے لہذا اس حیثیت سے وہ کشمیریوں کی مدد و حمایت کا حق رکھتا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ یوم یکجہتی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی تقاریب میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم خاص طور پر گزشتہ برس آٹھ جولائی کو برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے محکموم کشمیریوں کیخلاف روا رکھے جانے والے جبر و استبداد کو اجاگر کیا جائے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ ستر برس سے اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے مصروف جدوجہد ہیں اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ چند ماہ کے دوران مقبوضہ کشمیر میںمظالم کی انتہا کر دی ہے اور سو سے زائد کشمیریوں کو شہید، ہزاروں کو زخمی جبکہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں ، تھانوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچایا۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری بیان میں یوم یکجہتی منانے پر حکومت پاکستان، عوام ، طلباء اور سول سوسائٹی وغیرہ کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں یوم یکجہتی منانے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے 1947 سے اب تک پانچ لاکھوں جانوں کی قربانی دی ہے اور بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود انکے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ حریت رہنمائوں نعیم احمد خان، محمد یوسف نقاش، ظفر اکبر بٹ، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امیاز احمد ریشی اور دیگر رہنمائوں نے بھی اپنے بیانات میں یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستانیوں کے مشکور ہیں: چیئرمین حریت کانفرنس
Feb 05, 2017