مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی + اے این این) فلسطین میں صہیونی ریاست کی جانب سے یہودی آبادکاری کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں مزید 2086 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ صہیونی وزیر برائے ہائوسنگ یواف گلینٹ نے بیان میں کہا ہے کہ غرب اردن میں دو ہزار چھیاسی مکانات کی تعمیر کی منظوری وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین کی منظوری کے بعد دی گئی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد فلسطین میں 8 ہزار مکانات تعمیر کئے جا چکے ہیں۔ ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں سینکڑوں یہودیوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نیتن یاہو سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ بدعنوانی پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مقبوضہ مغربی کنارے شمالی شہر نابلس میں یہودی مذہبی پیشوائوں کی قیادت میں سینکڑوں یہودی آبادکاروں نے مقدس مقامات پر دھاوے بولے اور تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔ اسرائیلی حکومت نے بیت المقدس میں دو خاندانوں کے 8 سیونگ اکائونٹ بند کر دیئے۔ صہیونی فوج نے شہر قلیقلیہ سڑک تعمیر کرنے کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے زیتون کے باغات تباہ کر دیئے۔
’’یاہو استعفیٰ دیں‘‘ بیت المقدس میں یہودیوں کا احتجاج: اسرائیل فلسطینی علاقے میں ایک اور بستی تعمیر کریگا
Feb 05, 2017