تعلیمی تحقیق اور تحقیقی تعلیم لازم وملزوم ہیں،وائس چانسلر فاطمہ جناح

Feb 05, 2018

راولپنڈی(ا ے پی پی)فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ آمین قادر نے کہا ہے کہ تحقیقی عمل کے ذریعے طالبات کی ذہنی و تعلیمی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ انہیں زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع بھی میسر ہو سکتے ہیں ۔ملٹی ڈسپلنری گریجویٹ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ثمینہ امین قادر نے کہاکہ تعلیمی تحقیق اور تحقیقی تعلیم لازم وملزوم ہیں یہی وجہ ہے کہ فاطمہ جناح یونیورسٹی تحقیقی کانفرنسز کا تواتر سے انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ طالبات کو نئی تحقیقی تعلیم کی نئی جہات سے روشنا س کرایاجا سکے ۔انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں خواتین تحقیقی تعلیم میں قابل قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں، انہی مقاصد کے پیش نظر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی طالبات کو دیگر ممالک کی طرح تحقیق اور سیکھنے کے عمل کو بہتر سے بہتر بنانے میں مصروف عمل ہے ۔اس موقع پرجامعہ نمزکی ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس نو ر آمنہ ملک نے کہا کہ ملکی ترقی میں خواتین کا اہم کردار ہے اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے کوالٹی ریسرچ کا ہونا بہت ضروری ہے جس سے طالبات کے اندرسیکھنے کے عمل کے ساتھ اعتماد بڑھتا ہے۔ ہمارے ملک میں تحقیقی کانفرنسز کا انعقاد مثبت سر گرمی ہے جس کی بدولت طالبات میں سیکھنے ،سمجھنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ موجزن ہو تا ہے ۔

مزیدخبریں