ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے ہوبارٹ ہریکینز کو 25 رنز سے ہرا کر بگ بیش لیگ جیت لی

ایڈیلیڈ (اے پی پی) ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے جیک ویدرالڈ کی شاندار سنچری کی بدولت ہوبارٹ ہریکینز کو 25 رنز سے شکست دے کر 2017/18 بگ بیش لیگ کا ٹائٹل جیت لیا۔ ہوبارٹ ہریکینز کی ٹیم 203 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے جیک ویدرالڈ کو 115 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ کے فائنل میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ جیک ویدرالڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 70 گیندوں پر 115 رنز بنائے جس میں آٹھ فلک شگاف چھکے شامل تھے۔ کپتان ترواس ہیڈ 44 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ہوبارٹ ہریکینز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ ڈی آرکی شاٹ 68 اور کپتان جارج بیلی 46 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔ پیٹر سڈل نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

ای پیپر دی نیشن