لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی آج 26 سال بعد لاہور کے تاریخی موچی گیٹ پر سیاسی پاور شو کریگی۔ جلسے سے سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر قائدین بھی خطاب کرینگے۔ جلسے کے حوالے سے پیپلزپارٹی نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور جلسہ گاہ کو پارٹی پرچموں اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین کی تصاویر اور فلیکسز سے سجا دیا۔ آصف علی زرداری کا ایک قدآور پورٹریٹ بھی نصب کیا گیا ہے جس میں زرداری کو ایک پہلوان کی شکل میں دکھایا گیا ہے، اس حوالے سے پارٹی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ خصوصاً لاہور کے کلچر پہلوان کو نمایاں کیاگیا ہے کہ زرداری اس جلسے میں ایک پہلوان کی صورت میں اپنے مخالفین پر برسیں گے۔ گزشتہ روز عزیز الرحمان چن، ثمینہ گھرکی سمیت دیگر مرکزی قائدین نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ جبکہ جلسے کی سکیورٹی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آصف زرداری سے بلاول ہاﺅس میں وفود نے ملاقات کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ شریفوں نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے۔ آپ کو یہ دھرتی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں۔ اس لئے نکالا۔ ملک کو قرضوں تلے دبانے کا گناہ قابل معافی نہیں۔ ڈر ہے کہ مصنوعی ترقی کا بم تباہی نہ پھیلا دے۔ یہ لوگ پانی اور صحت کی سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں۔ سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنا رہے ہیں۔ سڑکیں بھی مخصوص علاقوں میں بطور شوپیس بنائی جا رہی ہیں۔ شریف برادران پانی منصوبوں کو پیسہ زیرزمین دفنانے کے مترادف سمجھتے ہیں۔ میاں صاحب یہ دھرتی بھی آپ کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔ یہ گناہ ناقابل معافی ہے۔ یہ سمجھتے ہیں سڑکوں پر لگا پیسہ نظر آتا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ پانی کے منصوبوں پر لگا پیسہ دفن ہو جائے گا۔ دکھاوے سے ہٹ کر یہ کوئی منصوبہ بنانے کو تیار نہیں۔ نواز شریف کی سوچ جی ٹی روڈ تک محدود ہے، شہباز شریف کی سوچ لاہور تک محدود ہے۔ نواز شریف پاکستان نہیں جی ٹی روڈ کے وزیراعظم تھے۔ شہباز شریف پنجاب نہیں لاہور کے وزیراعلی ہیں۔ تخت رائے ونڈ نے بلوچستان کو اپنی کالونی بنا رکھا تھا، بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ سینٹ میں اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آصفہ بھٹو انتخابی میدان میں آ رہی ہیں۔ بہت پہلے کہا تھا کہ نواز شریف گریٹر پنجاب کا نعرہ لگائے گا۔ نواز شریف نے اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا۔ نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے یوم کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔ بہادر کشمیریوں کی تنظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات لے تاکہ کشمیریوں پر مصائب کا خاتمہ اور خطے میں امن قائم ہو۔ وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے وعدے پورے کرے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ایسا کرنا خطے اور عالمی امن کے لیے اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو بھرپور سراہا۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے بھارتی افواج کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھا رہی ہیں۔ عالمی برادری کشمیریوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنائے جانے کا نوٹس لے۔ کشمیری گزشتہ 70 سال سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی افواج کے ہاتھوں ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کے بھارتی ہتھکنڈے ناکام بنا دیں گے۔ سیاسی اور سفارتی سطح پر کشمیری عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔ پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح عالمی فورم پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے گی۔