لندن (آئی این پی) برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ مسلمانوں سے نفرت پر مبنی جذبات بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لئے اگلے انتخابات میں کامیابی کیلئے ترپ کا پتہ ہوں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مودی اگلے انتخابات میں شکست سے بچنے کے لیے مسلمانوں سے نفرت کی فضا، ہندو قوم پرستی اور مذہب کی سیاست کو اپنے آخری انتخابی ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان دنوں آسام کی پوری آبادی کی شہریت کے کاغذات کی جانچ پڑتال چل رہی ہے، ماہرین کہتے ہیں کہ اس عمل میں آسام کے لاکھوں مسلمان باشندے شہریت سے محروم ہو سکتے ہیں اور انہیں بنگلہ دیشی قرار دیا جا سکتا ہے اور یہ بے جے پی کا انتخابی منشور کا وعدہ تھا کہ وہ ملک سے غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن کو نکال باہر کرے گی، اب مودی حکومت اسے اپنی کامیابی کے طور پر پیش کرے گی۔