حیدرآباد (نامہ نگار )جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابولخیر محمد زبیر نے کہا کہ نواز شریف اداروں کے خلاف مسلسل محاذ آرائی کی پالیسی اختیار کرکے جمہوریت کی بساط کو لپیٹنے کی راہ ہموار کر رہے ہیں اور اپنی ہی حکومت کے خلاف گورننس کی کمزوری سسٹم کی خرابی قومی معیشت کی تنزلی اور حکومتی اتھارٹی کی کمزوری کی باتیں کرکے اس بساط کو لپیٹنے کا جواز بھی فراہم کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے سوات کے علاقے کبل میں فوجی یونٹ میں خود کش حملہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن استعماری قوتیں پاکستان کی سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنا کر ملک و قوم کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں ان استعماری قوتوں کے خلاف پوری قوم یکجا ہے اور ملک دشمن قوتوں اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر محمد یونس دانش دو ہفتے کے بیرون ملک کے دورہ سے واپس حیدرآباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایک اعلامئے میں کہا کہ جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام 5فروری کو کشمیر سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گاملک بھر میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر کانفرنس ،سمینار ،ریلیاں جلسے جلوس نکالے جائیں گے ۔