اسلام آباد (آن لائن) پاکستان سارک کی 73ویں ایگزیکٹو کمیٹی اور 22ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ساؤتھ ایشین ایسوسی ایشن فار رینجل کوآپریشن (سارک) کے اجلاس 6 فروری سے اسلام آباد میں شروع ہو رہے ہیں۔ سارک چیمبر پاکستان چیپٹر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سارک چیمبر کے صدر سوراج ودیا دونوں اجلاسوں کی صدارت جبکہ بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، افغانستان، مالدیپ، بھوٹان اور پاکستان کے وفود اجلاس میں شریک ہوں گے۔اجلاسوں کے ایجنڈے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران سارک چیمبر کے مجوزہ اقدامات اجلاس کے دوران زیر بحث لائے جائیں گے اور اتفاق رائے سے انہیں حتمی شکل دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ شیڈول کے مطابق 16مارچ سے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں 3 روزہ سارک بزنس لیڈرز کانفرنس کیلئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اس کے علاوہ سارک چیمبر اور چائنا بزنس کونسل کیلئے حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی۔افتخار ملک نے کہا کہ ان اجلاسوں کے دوران سارک رکن ملکوں سے سارک چیمبر کی رکنیت کیلئے بھی درخواستوں کی منظوری پر غور ہوگا۔