کراچی (اسپورٹس رپورٹر)نیشنل ون ڈے کپ کے چھٹے مرحلے کے ایک یکطرفہ مقابلے میں کراچی وائٹس نے اسلام آباد ریجن کو خرم منظور اور اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت 86رنز سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں فاٹا ریجن نے لاہور بلیوز کو 35رنز راولپنڈی نے فیصل آباد اور 6وکٹوں اور پشاور ریجن نے لاہور وائٹس کو 7وکٹوں سے شکست دی۔ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کراچی وائٹس نے اسلام آباد ریجن کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے خرم منظور اور اسد شفیق کی طوفانی اننگز کی بدولت5وکٹوں کے نقصان پر 384رنز اسکور کئے۔خرم منظور نے 187 اور اسد شفیق نے 145رنز بنائے۔ شہزاداعظم نے 3وکٹیں لیں۔ جواب میں اسلام آباد ریجن 7وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بناسکی۔ آل رائونڈر شہزاداعظم نے 87 رنز ناٹ آئوٹ بناکر اپنی ٹیم کو بچانے کی کوشش کی تاہم کوئی بیٹسمین ان کا ساتھ نہ دے سکا۔ نعمان نے 74اور عابد علی نے 60رنز کا اضافہ کیا۔ محمدسمیع اور دانش عزیز نے 2-2وکٹیں لیں۔ کے آر ایل اسٹیڈیم میں فاٹا نے لاہور بلیوز کے خلاف 9وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز اسکور کئے۔ ناصر آفریدی نے 62 اور سہیل اختر نے 52 رنز بنائے۔ لاہور بلیوز تمام وکٹوں کے نقصان پر 231رنز بناسکی۔ محمدسعد نے 67 رنز نمایاں بنائے۔ میرحمزا اور مختار احمد نے 3‘3وکٹیں لیں۔ اسلام آباد میں راولپنڈی ریجن نے فیصل آباد کو 6وکٹوں سے زیرکیا۔ فیصل آباد نے رئیس احمد اور فہیم اشرف کی نصف سنچریوں کی بدولت9وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز جوڑے۔ رئیس احمد نے 65اور فہیم اشرف نے 54 رنز بنائے۔ یاسر علی نے 4وکٹیں لیں۔ یہ ہدف راولپنڈی نے 4وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمدحفیظ نے 64‘ افتخار احمد نے ناٹ آئوٹ 56رنز اسکور کئے۔ عمرامین نے 44رنز کا اضافہ کیا۔ چوتھے میچ میں پشاور نے لاہور وائٹس کو 7وکٹوں سے ہرادیا۔ لاہور وائٹس نے 9وکٹوں کے نقصان پر 281رنز اسکور کئے۔ احمدشہزاد نے 96گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی وہ 104رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ رضوان حسین نے 78 اور عثمان صلاح الدین نے ناٹ آئوٹ 60رنز اسکور کئے۔ پشاور نے یہ ہدف صاحبزادہ فرحان کی سنچری 119رنز کی بدولت3وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ محمدرضوان نے 64رنز ناٹ آئوٹ اور اسراراللہ نے 56رنز اسکور کئے۔
ون ڈے کپ : خرم منظور اور اسد شفیق کی سینچریاں ، کراچی وائٹس کی فتح آسان
Feb 05, 2018