لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کشمیر کے جری، قانون و امن پسند عوام نے استصواب رائے کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حق کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دیں دنیا ان قربانیوں کا احترام کرے اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ کشمیر کو ’نو ملٹری زون‘ بنایا جائے، سویلین آبادی کے انسانی حقوق کا احترام کیا جائے اور ہیومن رائٹس کی بین الاقوامی آرگنائزیشنز کو آمدورفت کی اجازت دی جائے، انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ بالخصوص امریکہ، برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی قومی وبین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی تیسری نسل پرامن طریقے سے استصواب رائے کا حق مانگ رہی ہے، دنیا اس امن پسندی کو موقع غنیمت سمجھے اور کشمیری عوام کو ان کا حق لوٹائے، انہوں نے کہا استصواب رائے کے حق کیلئے عالمی برادری کے وعدوں پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔
کشمیری عوام نے استصواب رائے کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں دیں: طاہر القادری
Feb 05, 2018