لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ونٹر پولو کپ 2018ء کے مقابلے منگل سے تین ہفتے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوں گے۔ لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر کے مطابق پولو کا ہائی گول سیزن شروع ہو رہا ہے جس میں ونٹر پولو کپ ، ایبک کپ، پنجاب اور نیشنل اوپن پولو کپ برائے قائداعظم کپ ہوگا۔ ونٹر پولو کپ 12 گول ہینڈی کیپ کا ٹورنامنٹ ہے جس میں 7 ٹاپ ٹیمیں شامل ہیں جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں ماسٹر پینٹس، آرمی ریڈ،ماسٹر پینٹس بلیک جبکہ پول بی میں ڈائمنڈ پینٹس، باڑیز، نیوایج /گارڈ گروپ اور آرمی وائٹ شامل ہیں۔ منگل کو تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ دوپہر ایک بجے ماسٹر پینٹس اور آرمی ریڈ کے درمیان، دوسرا میچ ڈائمنڈ پینٹس اور باڑیز کے درمیان دوپہر دو بجے جبکہ تیسرا میچ دوپہر تین بجے نیوایج/گارڈ گروپ اور آرمی وائٹ کے درمیان ہوگا۔ اسی طرح پورا ہفتہ لیگ میچز ہوں گے جبکہ فائنل اور سب سڈری فائنل بروز 11 فروری کھیلیں جائیں گے۔