لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ارشد ستار کا کہنا ہے کہ ریسلنگ کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت اہم اور بڑے شہروں میں ریسلنگ ہالز تعمیر کرے اگر ہم ریسلرز کو بنیادی سطح پر ٹریننگ کی اچھی سہولیات دیں تو کارکردگی کا معیار بلند کیا جا سکتا ہے۔ ہمارے ریسلرز نے بین الاقوامی سطح پر اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا اور میڈلز جیتے ہیں۔ گذشتہ چند برسوں میں ہمارے ریسلرز کی کی کارکردگی سب کے سامنے ہے اس کے بعد کوئی شک نہیں رہتا کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی ہے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پچانوے فیصد سے زیادہ پنجاب کا کھیل ہے اس کھیل کی تاریخی اہمیت اور ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے مناسب اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہماری توجہ کامن ویلتھ گیمز پر ہے کوشش کر رہے ہیں کہ اس ایونٹ کی بہتر تیاری کے لیے اپنے پہلوانوں کو کم از کم دو ماہ بیرون ملک ٹریننگ کا بندوبست کریں پی ایس بی کے ڈائریکٹر جنرل کو تمام تفصیلات بھیج دی ہیں امید ہے کہ جلد انتظامات مکمل ہو جائیں گے۔ صلاحیت کے اعتبار سے ہمارے ریسلرز کسی سے کم نہیں ہیں۔ فیڈریشن کا کام ڈاکخانے کا ہوتا ہے ہم اپنی حدود میں رہتے ہوئے اپنے ریسلرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتے ہیں ہمارا کام پلان بنانا مقابلوں کا انعقاد کرنا ہے سہولیات فراہم کرنا بیرون ملک ٹریننگ کے لیے وسائل فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کی سالانہ گرانٹ پندرہ لاکھ روپے ہے ان پیسوں میں تو سال بھر دفتر چلانا مشکل ہوتا ہے۔ عالمی مقابلوں کے لیے ریسلرز کا انتخاب میرٹ پر کیا جاتا ہے۔
ریسلنگ کو فروغ دینے کیلئے حکومت بڑے شہروں میں ہالز تعمیر کرے: ارشد ستار
Feb 05, 2018