واشنگٹن :امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ٹرین حادثے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک او100سے زائد زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرین نیو یارک سے میامی جا رہی تھی جب ریاست کیرولائنا کے دارالحکومت کولمبیا کے قریب ایک مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے باعث گاڑی کا انجن اور کچھ بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ایمٹریک ٹرین میں 139مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجینئر اور کنڈیکٹر ہلاک جبکہ 116 مسافر زخمی ہوگئے۔جنوبی کیرولائنا کے گورنر ہینری میک ماسٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمٹریک ٹرین غالبا غلط ٹریک پر جارہی تھی جہاں یہ پہلے سے موجود مال گاڑی سے ٹکرا گئی ۔ اس حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ ٹرین کے زخمی مسافروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ یہ امریکا میں گزشتہ تین ماہ کے دوران ایمٹریک ٹرین کا تیسرا حادثہ ہے۔