اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے قومی کھیل کی بہتری کے لیے تجاویز مانگ لیں، پی ایچ ایف سے مل کر سفارشات تیار کرنے کے لئے سب کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ۔سینیٹر صلاح الدین ترمذمی کا موقف تھا کہ ہاکی والوں کو پہلے وسائل مہیا کریں پھر نتائج کا پوچھیں،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس چئیرمین سردار یعقوب ناصر کی صدرات میں ہوا،کمیٹی کو بریفنگ میں صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر خالد سجاد کھوکھر نے بتایا کہ ملک میں ہاکی کے اچھے گراونڈ نہیں ہیں،ملک بھر میں 24 ٹرفس ہیں جن میں سے صرف 13 کی حالت بہتر ہے صرف ایمسٹرڈیم میں 500 آسٹرو ٹرفس ہیں،وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ پانچ سال میں.ہاکی کو 52 کروڑ روپے دیئے ہیں جس کے جواب میں صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ میرے ساڑھے تین سالہ دور میں 28 غیر ملکی دورے ہوئے بعض ٹورنامنٹس میں لازمی جانا ہوتا ہے ورنہ پینلٹی لگ جاتی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ سہولیات کے بغیر کوئی کھیل فروغ نہیں پا سکتا،قومی کھیل کی بہتری اور ترقی کے کیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس سلسلے میں مکمل تعاون بھی کیا جائے گا،اس سلسلے میں انہوں نے سب کمیٹی بنانے کا اعلان بھی کیا جو پی ایچ ایف سے مل کر سفارشات تیار کرے گی جو حکومت کو بھجوائی جائیں گی،۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ اجلاس میں دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کے علاوہ مشترکہ مفادات کونسل کے سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے سینیٹر میاں رضاربانی کے19 دسمبر2018 کو سینیٹ اجلاس میں اٹھا ئے گئے توجہ دلا نوٹس کے علاوہ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی مایوس کن کارکردگی اور تنزلی کی وجوہات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے سیکرٹریٹ کے علیحدہ قیام اور فنکشنز کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ سینیٹر میاں رضاربانی نے آج کے اجلاس میں معاملے کو موخر کرنے کی درخواست کی ہے ان کی موجودگی میں معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گاتاہم کمیٹی کو بتایا گیاکہ 1973 سے 2010 تک مشترکہ مفادات کونسل کے 37 سالوں میں صرف 11 اجلاس منعقد ہو سکے جبکہ 2010 سے2018 تک29 اجلاس ہوئے ۔ علیحدہ سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے صوبوں سے رائے حاصل کی گئی اور سمری وزیراعظم کو منظوری کے لئے بھیج دی گئی ہے۔اجلاس میں سینیٹرز لیفٹینٹ جنر ل (ر) صلاح الدین ترمذی ، عابدہ محمد عظیم، خانزادہ خان، ولید اقبال اور سیمی ازدی کے علاوہ سیکرٹری آئی پی سی اکبر درانی ، سینئر جوائنٹ سیکرٹری آئی پی سی عارف ابراہیم ، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئر (ر)خالد کھوکھر ، شہباز احمد سینئر کے علاوہ دیگر حکام نے شرکت کی ۔