بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے: وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔انہوں نے پیر کی رات لندن میں ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا خون بہہ رہا ہے،وادی جل رہی ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

وزیر خارجہ نے بھارتی حکام پر زور دیا کہ وہ کالے قوانین کو منسوخ کرے، پیلٹ گنوں کے استعمال پر پابندی لگائے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات شروع کرے۔

وزیر خارجہ نے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق کو دنیا کے سامنے لائیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق رپورٹ میں معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بین الاقوامی تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر اپنی خاموشی توڑ دیں۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے آج لندن میں کشمیر کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حق خودارادیت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے۔

مشاہد حسین نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنسی ہراسانی کو تشدد کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی جائز جدوجہد میں اکیلے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن