کینبرا (این این آئی)آسٹریلیا نے کینبرا ٹیسٹ میں سری لنکا کو 366 رنز سے ہرا کر دو ٹیسٹ کی سیریز میں کلین سوئپ کر دیا،آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں ، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، پیٹ کمنز کو عمدہ بائولنگ پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کو دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکن ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز بغیر کسی نقصان کے 17 رنز پر دوبارہ شروع کی تو کرونارتنے 8 اور تھریمانے 8 رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ کے چوتھے روز کینگروز بائولرز نے آغاز سے ہی آئی لینڈرز پر اپنا دبائو بڑھا دیا اور آئی لینڈرز ٹیم کے چھ کھلاڑی 97 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کرونارتنے 8، کپتان چندیمل 4، تھریمانے 30، ڈکویلا 27، پریرا سری لنکا کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ڈی سلوا 6 رنز بناکر آئوٹ ہوئے اس وقت سری لنکا کا مجموعی سکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز تھا۔ مینڈس سری لنکا کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 42 رنز بناکر لبوشگنے کی گیند پر پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، چامیکا کرونارتنے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر پیٹ کمنز کے گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، پریرا نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ٹم پین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ فرنینڈو سری لنکا کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنکو صرف پر مچل سٹارک نے کلین بولڈ کردیا۔ راجیتھا 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں کینگروز بائولرز کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم 516 رنز ہدف کے تعاقب میں 149 رنز بناسکی اور آسٹریلیا نے سری لنکا کو میچ میں 366 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کردیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مچل سٹارک نے دوسری اننگز میں بھی 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، پیٹ کمنز نے 3، رچرڈسن اور لبوشگنے نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ مچل سٹارک کو میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ، پوری سیریز میں عمدہ بائولنگ پر پیٹ کمنز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔