کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ اور سیز پاکستانیوں کیلئے پاکستان بنائو سر ٹیفکیٹ کے اجراء سے زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ اور معیشت مضبوط ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کم از کم 5ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری سے 3 اور 5 سال کی مدت کیلئے سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں جس پر منافع کی شرح بہتر ہے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان بنائو سرٹیفکیٹ سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں مشکل کی ہر گھڑی میں انہوں نے ملک کا بھرپور ساتھ دیا ہے ۔ زلزلہ زدگان کی امداد و دیگر فلاحی سرگرمیوں میں اور سیز پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے ۔ زرمبادلہ میں اضافے کیلئے بھی یہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں ۔ نصرت واحد نے مزید کہا کہ اور سیز پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے موجودہ حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے جس میں سرمایہ کاری اسکیم سمیت مختلف منصوبے شامل ہیں ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔