سندھ میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا‘صوبائی وزیرصحت

Feb 05, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ سندھ میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، سندھ حکومت اس معاملے میں سنجیدہ ہے جبکہ کسی بھی امکانی صورتحال کے پیش نظر کراچی ایئر پورٹ اور ہسپتالوں میں تمام انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے پیر گوٹھ میں چین سے آنے والے شاہزیب نامی نوجوان کی حالت بگڑنے کے حوالے سے میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئی محکمہ صحت کے افسران سے رپورٹ مانگ لی اور نوجوان کو علاج کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے ہدایات بھی کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے واضع کیا کہ چین سے آنے والے نوجوان کے ابتدائی معائنے میں کرونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں تاہم اس ضمن میں سیمپل لینے کے بعد حتمی رپورٹ آنے تک احتیاط نوجوان کو آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے کراچی ایئر پورٹ پر امکانی تشخیص کی صورت میں ایمبولینس کا انتظام کردیا گیا ہے، جبکہ جناح ہسپتال، ڈاو ہسپتال اور آغا خان ہسپتال میں کرونا وائرس کے سلسلے میں آئیسولیشن وارڈ بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں