ماجد الفطیم نے لاہور میں کم عمر کینسر مریضوں کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیر دیں

لاہور(کامرس ڈیسک) مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیاء میں شاپنگ مال، کمیونٹیز، ریٹیل اور لیژر کے صف اول کے ادارے ماجد الفطیم (Majid Al Futtaim) نے یکم فروری کو لاہور کے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (ایس کے ایم سی ایچ اینڈ آر سی) میں بچوں کے سالانہ میلہ کے دوران کینسر کے مریضوں کے چہرے پر خوشیاں بکھیر دیں۔ کارفور ، جو کہ پاکستان میں ماجد الفطیم کی انتظامیہ کے ماتحت کام کررہا ہے ، کی جانب سے 10رکنی رضاکاروں کی ٹیم نے مختلف اور دلچسپ سرگرمیوں کی میزبانی کی جن سے ننھے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔ ان سرگرمیوں نے بچوں کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیر دیں ۔ ان سرگرمیوں میں بولنگ اور فشنگ جیسے کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کرائے گئے۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ کلرنگ اور پینٹنگ کے رنگوں کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا بھی موقع فراہم کیا گیا ۔ کارفور کی جانب سے رضاکاروں کی اس خصوصی ٹیم نے کم عمر شرکاء میں خصوصی تحائف اور انعامات بھی تقسیم کئے جس سے انکی خوشی مزید دوبالا ہوگئی۔ شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر (ایس کے ایم سی ایچ اینڈ آر سی ) ایک بے مثال ادارہ ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ علاج کے لئے ادائیگی سے قطع نظر جدید طریقوں کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو درپیش تکالیف میں کمی لائی جائے۔ اسی طرح کارفور پاکستان بھی اسپتال کے اس مشن سے ہم آہنگ ہے کیونکہ وہ سماجی خدمات کو اپنی کاروبار کی اعلیٰ ترجیحیات میں شامل رکھتا ہے ۔ ماجد الفطیم ریٹیل میں کارفور پاکستان کے کنٹری منیجر جین مارک ڈومونٹ نے کہا، "ماجد الفطیم سماجی خدمت پر یقین رکھتا ہے اور اس وجہ سے وہ اپنی ان کاوشوں کو شوکت خانم اسپتال کے مشن سے ہم آہنگ سمجھتا ہے جو پسماندہ طبقے میں خوشی کی امید جگاتی ہے ۔ ایسی کاوشیں نہ صرف ان لوگوں کی زندگیوں میں امید روشن کرتی ہیں جو جان لیوا بیماریوں کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ یہ ایک ادارے کو معاشرے کی خدمت کی طرف بھی راغب کرتی ہیں۔ "

ای پیپر دی نیشن