اسمال ٹریڈرز کے تحت کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے تصویری نمائش

کراچی(کامرس رپورٹر) سابق ممبر قومی اسمبلی اور امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا بھارتی استعمارشکست کھا چکا ہے اسی لئے 183 دن کے کرفیو کے باوجود کشمیر لے کے رہیں گے،آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں، اسمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام کشمیر کی تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن اسمال ٹریڈرز کے صدر محمود حامد ،نوید احمد،سید لیاقت علی، سلیم ملک، آصف قریشی، عثمان شریف، بابر بنگش اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک ساؤتھ شاہد میاں اور ڈی ایس پی عمران خان بھی کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کشمیری عوام پر ظلم کی سیاہ رات طاری ہے 183 روزسے کرفیو نافذ ہے اور عالمی طاقتیں اور امن کے ٹھیکیدار اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں،کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے لیکن میں کشمیری عوام کو سلام پیش کرتا ہوں کہ اس ظلم اور بربریت کے باوجود وہ اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔ اس وقت فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی پوری فیملی آزادی کشمیر کے حق میں میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے یہ وہ خاندان ہے جس نے قیام پاکستان کے وقت سے آج تک ہندوستان کا ساتھ دیا تھا آج وہ اپنی اس سنگین غلطی پر پچھتا رہے ہیں۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ کشمیری عوام اگر عزیمت کے راستے کو چھوڑ کر آج اپنے موقف سے دستبردار ہو جائیں تو ہندوستان انہیں ہر قسم کی سہولتیں دینے کو تیار ہے مگر کشمیری عوام کو سلام ہے کہ وہ اپنے دلیرانہ موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں وہ کرفیو کے باوجود بھی کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر اور اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمیں لوگوں میں شعور بیدار کرنا پڑے گا۔ کشمیری واقعی اس وقت ایک عظیم تاریخی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جس کے لیے وہ خون کے نذرانے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لئے ہمیں اپنے ملک کو مضبوط کرنا ہوگا۔ عوام مایوس ہوچکے ہیں اب ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام اْٹھیں اور لوگوں میں میں آزادی کا شعور پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تاریخی جدوجہد کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔ اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامدنے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسمال ٹریڈرز کے زیر اہتمام کشمیر تصویری نمائش میں شرکت کی اور چھوٹے تاجروں کا اور کشمیری مسلمانوں کا حوصلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے،پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے ہماری فوج بہادر فوج ہے جس پر ہمیں فخر ہے اور یہی فوج انشااللہ کشمیر کو آزاد کرائے گی۔اس وقت بھی کشمیر کی ماؤں بہنوں کی نظریں پاکستانی فوج پر لگی ہوئی ہے۔محمود حامد نے کہا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کشمیرتصویروں نمائش آئے کشمیری جدوجہد آزادی کی عکاسی کرتی ہے۔ بھارت کے مکروہ چہرے کو بھی بے نقاب کرتی ہے،کشمیری خواتین کشمیری بچے اور کشمیری نوجوان اپنی آزادی کے لیے ہر قسم کی قربانی دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ 183 دن کے کرفیو کے بعد بھی ان کی جدوجہد میں کوئی کمی نہیں اور یہ آزادی کی جدوجہد آگے بڑھ رہی ہے پروگرام کے بعد تمام مہمانوں نے محمد حسین محنتی،مجید میمن اور دیگر رہنماؤں نے کشمیری حالات پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا جسے سے عوام نے نے بہت سراہا اور عوام کی بڑی تعداد نے نمائش کو دیکھا اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

ای پیپر دی نیشن