لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا 57واں اجلاس میں بیرسٹر سلمان نصیر کی بطورچیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی تعیناتی،کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پی سی بی کے آئین 2019 میں چند تبدیلیاں کرکے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنزکیلئے ماڈل آئین، پی سی بی کی فنانشل سٹیٹمنٹ برائے 19-2018 کی منظوری دے دی گئی۔گذشتہ روز اجلاس میں احسان مانی، چیئرمین پی سی بی ، وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی، اسد علی خان، رکن، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین، رکن ،عمران فاروقی، رکن ،کبیر احمد خان، رکن ،محمد ایاز بٹ، رکن ،شاہ ریز عبداللہ خان، رکن ،شاہ دوست، رکن ،محمد علی شہزادہ، غیرفعال رکن نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں 2 ٹیسٹ، 1 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے آمادہ کرنے پر بی او جی نے پی سی بی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو کو سراہا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اس سیریز کے تناظر میں بی او جی اراکین کو آگاہ کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میڈیا رائٹس پارٹنر کیساتھ تنازعہ کو افہام و تفہیم سے حل کرتے ہوئے سیریز سے (میڈیا رپورٹس کے برخلاف) 3.75ملین امریکی ڈالر کی آمدن کی ہے۔ سیریز کی تصدیق محض ایک ہفتے قبل ہونے کے باوجود میڈیا رائٹس پارٹنر کو حالیہ سیریز کی کوریج پر رضامند کیا تاہم محدود وقت کے باعث کمرشل ٹائم کی فروخت میں مناسب وقت نہ ملنے سے متعلق میڈیا رائٹس پارٹنر کے مؤقف پر رضامندی ظاہر کی لہٰذارائٹس فیس3.75ملین امریکی ڈالر مقرر ہوئی۔ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ستمبر 2019(عہدے کا چارج سنبھالا) سے اب تک قومی ٹیم کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اراکین کو کھلاڑیوں کی فٹنس، ڈومیسٹک کرکٹ، ایونٹس کے شیڈول، ٹیم کی تیاری، کھلاڑیوں کے انتخاب کا طریقہ کاراور مستقبل کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا۔ بی او جی نے پی سی بی کی فنانشل سٹیٹمنٹ برائے 19-2018 منظور کرلی ہے، جس کے مطابق6 ارب روپے آمدن ہوئی۔آمدن میں اضافہ کے باوجود پی سی بی نے اخراجات میں واضح کمی ہے۔ بی او جی نے رواں سال اے سی سی ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلہ کا اختیار چیئرمین پی سی بی کو دے دیا ہے۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی پی سی بی کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے جلد ایک تجویز ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پیش کریں گے۔بی او جی نے اجلاس میں غیرملکی لیگز کیلئے این او سی پالیسی کی منظوری دیدی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزایچ بی ایل پی ایس ایل کے علاوہ زیادہ سے زیادہ تین غیر ملکی لیگز کیلئے این او سی کے حصول کیلئے رابطہ کر سکتے ہیں۔ بیرسٹر سلمان نصیر کی بطورچیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی تعیناتی کی منظوری دیدی‘ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی تجویز کی منظوری دی۔ سلمان نصیر 22 نومبر 2019 سے اسی عہدے پر عبوری ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ جب غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کررہی ہیں ایسے موقع پریہ عہدہ سنبھالنے ان کے لیے اعزاز ہے۔ وہ یہ عہدہ سنبھال کر مثبت انداز میں کام کریں گے تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہترین ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے مشکل صورتحال سے منافع بخش حالات میسر کرنا انتظامیہ کی کامیابی ہے۔ بی او جی نے کرکٹ ایسوسی ایشنز اور پی سی بی کے آئین 2019 میں چند تبدیلیاں کرکے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کیلئے ماڈل آئین کی منظوری دیدی ہے۔ ماڈل آئین پی سی بی کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع کردیا جائیگا۔انتظامی کمیٹی میں شامل تمام اراکین کے عہدے معیاد 3 سال مقرر کی گئی ہے ۔آرٹیکل 24 کے تحت پرنسپل سپانسر کی تعیناتی ایک شفاف بڈنگ عمل کے تحت ہوگی جس کے عہدے کی معیاد ایک سال مقرر کی گئی ہے۔ماڈل آئین کی منظوری کے بعد اب سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو چلانے کیلئے پی سی بی کی جانب سے عبوری کمیٹیوں کا اعلان جلد کردیا جائیگا۔