صدراوروزیراعظم کا کشمیری بھائیوں اوربہنوں کی غیرمتزلزل حمایت کااعادہ

Feb 05, 2020 | 10:07

ویب ڈیسک

صدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے الگ الگ پیغامات میں کشمیری بھائیوں اوربہنوں کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کااعادہ کیا ہے جنہیں چھ ماہ سے غیرانسانی لاک ڈاؤن اورمواصلاتی پابندیوں کاسامناہے۔

صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ گزشتہ سال پانچ اگست کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاکہ بھارت نے نَولاکھ فوج کی تعیناتی کے ذریعے اَسی لاکھ کشمیریوں کواپنی ہی سرزمین پرقیدیوں میں تبدیل کردیاہے۔

عمران خان نے کہاکہ بھارت دنیا کے سامنے انتہاپسندہندوانہ بالادستی پرعملدرآمد کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوگیاہے جس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق اورآزادی کو سلب کررکھاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں فوجی محاصرہ ختم کرنے اورمواصلاتی بندش فوری طورپرہٹانے اوربھارت کے غیرقانونی اوریکطرفہ اقدامات منسوخ کرنے کامطالبہ کیاہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ غیرقانونی طورپرزیرحراست تمام کشمیریوں اورحریت رہنمائوں کو آزاد کیا جاناچاہیے اوربھارتی قابض فوج کوکالے قوانین کے تحت دیئے گئے اختیارات فوری طورپر منسوخ کئے جائیں۔
 

مزیدخبریں