لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ وقائع نگار خصوصی) عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے حق خودارادیت دلانے کے وعدہ کو پورا کرے اور اس مسئلہ کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کی ذمہ داری پورے کرے۔ اس امر کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغامات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام جس طرح بھارتی جبر و ستم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور 6 ماہ سے مقبوضہ ریاست کو جیل میں تبدیل کرنے کے باوجود ان کا جذبہ حریت کم نہیں ہوا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قیام پاکستان کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لا کر رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چنگل سے نجات حاصل کرنے کیلئے کشمیری عوام، باالخصوص نوجوان جو قربانیاں دے رہے ہیں وہ حریت پرستوں کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں، مسلح افواج اور پوری قوم ایک پیج پر ہیں، پاکستان کی جانب سے مکمل اور بھرپور سیاسی اور اخلاقی امداد کے باعث مظلوم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور ان کا جذبہ آزادی دن بدن زور پکڑ رہا ہے۔ دریں اثناء چودھری شجاعت حسین سے پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے مرزا جمشید کی قیادت میں ملاقات کی جس میں عبدالرزاق، غیاث الدین پال، راجہ قمر و دیگر عہدیدار شامل تھے۔ وفد نے الیکٹرک فین کو لگژری آئٹم میں شامل کیے جانے پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت ہینڈ فین کو بھی لگژری آئٹم قرار دے کر بجٹ میں ٹیکس لگانے کی تجویز دے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو کاروباری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے لیکن حکومت نے الیکٹرک فین کو بھی لگژری آئٹم میں شامل کر لیا ہے، حالانکہ ایسا کرنے والوں کے اپنے باتھ رومز میں ایئر کنڈیشنڈ لگے ہوئے ہیں، الیکٹرک فین ہر غریب آدمی کی ضرورت ہے اس کو لگژری آئٹم میں شامل کرنا کسی طور بھی ٹھیک نہیں۔ تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں۔