رواں سال تبدیلی کا‘ یو ٹرن حکومت جمہوری عمل سے گرائیں گے: کائرہ

Feb 05, 2020

لاہور (نامہ نگار) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ یہ سال تبدیلی کا سال ہے۔ یہ حکومت خود گرنے جا رہی ہے۔ ہم سازش سے نہیں عوامی دباؤ اور جمہوری عمل سے اس حکومت کو تبدیل کریں گے۔ اگر سازش کے تحت تبدیلی آئی، تو اس کا فائدہ ملک کو ہوگانہ ہی جمہوریت کو۔ اب تو عمران خان کی ٹیم ان کے ساتھ کام کرنے کو تیار نہیں۔ چیئرمین ایف بی آر گھر بیٹھ گئے ہیں۔ عشرت حسین کہتے ہیں کہ کرپشن کے بنا کوئی کام نہیں ہو رہا۔ ہم نہیں، اتحادی، وزراء اور عام لوگ کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی سے سب تنگ آ گئے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب کونسل کے پہلے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چوہدری منظور احمد، چوہدری اسلم گل، ملک عثمان ، حاجی عزیزالرحمن چن بھی موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایک سو پچاسی دن ہو گئے مگر کشمیر آج تک جیل بنا ہوا ہے۔ حکومت نے دنیا کا ضمیر جگانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ پی پی آج اپنی بنیاد کا فریضہ ادا کرتے ہوئے یوم کشمیر منائے گی۔ حکومت وعدے کرتی ہے اور یوٹرن لیتی ہے۔ اتحادی کہہ رہے ہیں کہ ان سے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ جنوبی پنجاب والے ان کے ساتھی کہتے ہیں کہ انہوں نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ صوبہ تو کیا الگ سیکرٹریٹ نہیں دیا۔ اب اس حکومت کا جانا ہی ملک کیلئے بہتر ہے۔ اپوزیشن متحد ہے۔ اپوزیشن کی مہنگائی کے خلاف ایک آواز ہے۔کسی تحریک کی صورت میں باہر نہیں نکلے مگر اب ساتھ بیٹھنا چاہیے۔ تحریک کی صورت متحد نہیں مگر یک آواز ضرور ہے۔ یہ حکومت جائے گی۔ ویسے یہ چند ووٹوں سے کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کی اے پی سی موجود ہے۔ اسے متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم مافیاز کا ذکر کر رہے ہیں۔بتا دیں کون سا مافیا ہے۔ قوم کو بتا دیں۔ہم مل کر مقابلہ کریں گے۔ آپ کہہ رہے ہیں کہ فوج آپ کے ساتھ، میڈیا آپ کے ساتھ ہے۔ اب بتائیں کون سا مافیا ہے، نام تو لیں۔ قبل ازیں پنجاب کونسل کے اجلاس کی صدارت قمر زمان کائرہ نے کی۔ اجلاس میں چوہدری منظور احمد، چوہدری اسلم گل، ملک عثمان، حاجی عزیزالرحمن، یاسین آزاد، خالد بٹ، انجم جٹ، نسیم سہوترا علی احسن عابدی، عالمگیر خان، جبران مسیح گل، چودھری علی اصغر، خالد اسلام ڈار، سعادت اللہ نیازی، طارق واسطی، زاہد حسین سلیمی، چودھری علی اصغر نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں