حکومت امتیازی سلوک نہیں کر سکتی، تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سکرٹریٹ الائونس دیا جائے: سپریم کورٹ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کے تمام ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الائونس دینے کا حکم دے دیا۔ جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے وفاقی حکومت کے ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الائونس دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے اپنے حکم میں قرار دیا کہ وفاقی حکومت ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر سکتی۔ اس لئے تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الائونس دیا جائے۔ دوران سماعت وکیل شعیب شاہین نے موقف اپنایا کہ سیکرٹریٹ الائونس صرف وزارتوں میں کام کرنے والے ملازمین کو مل رہا تاہم وزارتوں کے ماتحت اداروں کے ملازمین کو سیکرٹریٹ الائونس نہیں دیا جاتا تھا۔ حکومت اپنے ہی ملازمین کے درمیان امتیاز کیسے کر سکتی ہے؟ جس پر عدالت نے اسلام ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملازمین کی اپیلیں منظور کر لیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے ملازمین کو الائونس دینے کا حکم دیا تھا۔ ڈویژن بنچ نے وفاق کی انٹراکورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے الائونس دینے سے روکا تھا۔ ملازمین نے ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن