اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ امن کے لیے ہماری خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جب کوئی شریف آدمی بدمعاش بنتا ہے تو پھر اس سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں ہوتا۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان کو ملیا میٹ کرنے کی باتیں نہ کریں، ہم سربکف ہیں اور اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ نریندر مودی! اگر آپ امن و محبت نہیں چاہتے تو پھر ہمیں لڑنا بھی آتا ہے، بھارت نے رات کے اندھیرے میں جہاز بھیجے لیکن ہم نے دن کی روشنی میں جواب دیا۔ ہم نے آپ کو جو چائے پلائی تھی ابھی تک اس کی گرمائش محسوس کر رہے ہوں گے، اگر آپ آئندہ ایسی حرکت کریں گے تو یہ نہ سوچیں کہ پھر چائے پیش کی جائے گی۔ بھارت میں شدت پسند حکومت مسلط ہے، بھارتی وزیر اعظم شدت پسند ہیں، دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں جو ہمیں کمزور سمجھنے کی کوشش کرے گا، اسے بھگتنا پڑے گا۔ بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک پر ہمارا دل رو رہا ہے، مودی حکومت نے 72 سال بعد دنیا کے مسلمانوں اور تمام اقوام کو بتا دیا کہ قائد اعظم بصیرت والے لیڈر تھے، کیا پاکستان نے کبھی کسی شدت پسند جماعت کو منتخب کیا؟۔ بھارت میں شدت پسند تنظیم برسر اقتدار ہے جو اپنے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے، 200 دن ہونے والے ہیں، کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، خواجہ آصف کی تقریر پر تحفظات ہیں لیکن کشمیر پر ہم سب متفق ہیں۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مہنگائی کے حوالے سے قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کرونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ کرونا وائرس سے چین میں اب تک 21 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں لہٰذا پارلیمانی کمیٹی بنائی جو پاکستان میں مہلک وائرس کی روک تھام پر کام کرے۔ کرونا وائرس پر ایوان میں بات ہونی چاہیے، چین میں ہمارے لوگ ہیں، وہ یتیم تو نہیں، ہمارے اپنے بچے اور ریاست کے شہری ہیں، ہم نے چین سے اپنے شہریوں کو لانا یا وہیں رکھنا بہتر ہے، اس پر ایوان میں بات ہونی چاہیے۔ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بریفنگ کے لیے ماہرین کو مدعو کیا جائے، اس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ فارن افیئرز کی کمیٹی کے اجلاس میں پالیسی بیان جاری ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن کمیٹی کے اجلاس میں مشیر صحت اور ماہرین کو بھی بلائیں گے۔
مہنگائی پر قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے: فواد چودھری
Feb 05, 2020