یمن میں صعدہ صوبے کے مغربی ضلع رازح میں سرکاری فوج نے باغی حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔
سرحدی فورس کے سیونتھ بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل فارس البادی نے اخباری بیان میں بتایا کہ حوثی ملیشیا کا مذکورہ ڈرون طیارہ رازح کے محاذ پر یمن کی سرکاری فوج ٹھکانوں کی تصاویر لینے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ یمن میں حوثی ملیشیا نے 2019 میں ایسے جدید ہتھیار حاصل کیے جن میں سے بعض کی خصوصیات ایران میں بنائے جانے والے ہتھیاروں جیسی ہیں۔ سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی رپورٹ ایک سال تک جاری رہنے والی تحقیقات کا نتیجہ ہے۔
یہ تحقیقات اقوام متحدہ کے اُن ماہرین نے کی جن کو 2015 سے یمن پر عائد ہتھیاروں کی پابندی کی نگرانی کی ذمے داری سونپی گئی تھی۔ یہ رپورٹ جلد شائع کی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں کے قبضے میں موجود معروف ہتھیاروں کے علاوہ باغی ملیشیا کی جانب سے ڈرون طیاروں کی ایک نئی قسم ڈیلٹا اور کروز میزائلوں کے نئے نمونے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔