ولی عہد نے عالمی سائبر سیکیورٹی کے دو نئے اقدامات اپنانے کی منظوری دے دی

Feb 05, 2020 | 12:54

ویب ڈیسک

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بین الاقوامی سائبر سیکیورٹی کے دو نئے اقدامات کو مملکت میں اپنانے کی منظوری دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعودی کی زیر سرپرستی ہونے منعقد ہونے والے بین الاقوامی سائبر سیکیورٹی فورم کے موقع پر الریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے بتایا کہ ولی عہد شہزدہ محمد بن سلمان نے بچوں کے تحفظ سے متعلق سائبر سیکیورٹی اور خواتین کو با اختیار بنانے کے حوالے سے دو الگ الگ اقدامات کو اپنانے کی منظوری دی ہے۔پہلا اقدام دنیا بھر میں بچوں کو لاحق سائبر خطرات سے بچاﺅ، اس حوالے سے بہتر پالیسیاں ترتیب دینے اور دیگر سرگرمیوں اور پروگرامات کے گرد گھومتا ہے۔ وقت گذرنے کے ساتھ پوری دنیا میں بچوں کو سائبر سیکیورٹی سے متعلق خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مملکت میں بچوں اور ان کے خاندان کو سائبر سیکیورٹی کے خطرات سے بچانا ہے۔ اس پروگرام میں بچوں کو انتہا پسندانہ سوچ سے دور رکھنے، ڈیٹا چوری روکنے، سائبر بدمعاشی اور بچوں کے خلاف دیگر جرائم کی روک تھام شامل ہے۔سائبر سیکیورٹی سے متعلق اختیار کردہ دوسرا پروگرام خواتین کو با اختیار بنانے سے متعلق ہے۔ اس میں سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی اور ان کی تائید کے لیے اور مدد سے متعلق کوششوں کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس اقدام میں خواتین کو سائبر سیکیورٹی کے میدان میں اپنی خدمات کے قابل بنانے کے لیے مملکت میں ان کے لیے بہتر تعلیمی مواقع پیدا کرنا بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں