پاکستان خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا:ایئر چیف مارشل و پاک بحریہ سربراہ

اسلام آباد:  پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہنا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ پانچ فروری کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بے مثال عزم و حوصلے کی یاد دلاتا ہے۔ ہم کشمیری بھائیوں کی آزادی کے خواب کی تعبیر تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ غیور کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و ستم کا جرات مندانہ طور پر سامنا کیا ہے۔ بہادر کشمیری پانچ اگست کو اپنی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کا یکطرفہ اقدام مسترد کرچکے۔ کشمیری واضح کرچکے کہ وہ دیرینہ حق خود ارادیت کے حصول سے کم کسی چیز پر راضی نہیں ہوں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں غیر منصفانہ کرفیو کے نفاذ کو چھ ماہ سے زائد کا عرصہ گذر چکا۔ اقوام عالم کو خطے میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خاتمے کیلئے آگے آنا چاہئے۔ ہم کشمیری بھائیوں کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں،یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں کثیر بھارتی افواج کے باعث جنوبی ایشیا بلکہ عالمی امن کیلئے خطرات لاحق ہیں۔ کشمیری انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور دباوٴ کا شکار ہیں۔ یہ بی جے پی کی فاشسٹ حکومت کی جانب سے آر ایس ایس کے پلان پر عمل اور ہندوتوا کی پالیسی کا نفاذ ہے۔ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسی کا نفاذ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتی ہے۔ پاکستان خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاک بحریہ کے بیڑوں نے خلیجی ممالک اور افریقہ کے دوروں میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا ہے۔ عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔ کشمیری بھائی مصیبت کی اس گھڑی میں تنہا نہیں ، ہم ساتھ کھڑے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن