کراچی (نیوز رپورٹر)تحریک لبیک یا رسول اللہ پاکستان (ٹی ایل پی)کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح آج (بدھ) 5 فروری یوم کشمیر ، بھارت اور اسرائیل کی درندگی اور دہشتگردی کے خلاف مظلوم کشمیری و فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا ۔اس حوالے سے بہادر آباد سے مزار قائد تک "لبیک بیت المقدس و کشمیر مارچ" کا انعقاد کیا جائے گا،جس سے ٹی ایل پی کے قائدین اور ارکان سندھ اسمبلی خطاب کریں گے ۔لبیک بیت المقدس و کشمیر مارچ اور ریلیوں میں کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے دنیا کی توجہ مظلوم کشمیری و فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کے دیرینہ مسئلہ کی جانب مبذول کروائی جائے گی۔اس ضمن میں تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و زیادتی کی ہر حد پار کرلی ہے ۔مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ،جس پر عالمی دنیا نے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف جہاد سے حل ہوگا ۔پاک فوج اگر جہاد کا اعلان کرے تو ہم سب سے آگے ہوں گے ۔قوم کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ ہے ۔
تحریک لبیک کے تحت بہادرآباد سے مزار قائد تک کشمیرمارچ
Feb 05, 2020