کراچی ( نیوز ڈیسک) سندھ گڈز ٹرک ٹرالر اونرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اعظم بٹ نے کمشنر کراچی نوید احمد شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم ٹرک اسٹینڈ پر نمایاں 3 اسٹیک ہولڈر ہیں۔پہلے بھی آپ کے دور میں گڈز ٹرانسپورٹروں کو آپ ہی کے دست مبارک سے الاٹمنٹ آرڈر دیئے گئے تھے مگر ناقص پلاننگ کی وجہ سے قائد اعظم ٹرک اسٹینڈ تاریکیوں میں ڈوبتا چلا گیا۔ٹرک اسٹینڈ کو بین لاقوامی طرز کی طرح شہر سے باہر ہونا چاہئے تھا۔ہول سیل مارکیٹیں بھی شہر سے باہر ہونی چاہئے تھیں تاکہ شہر کی عوام کو ان کی بنیادی سہولیات سلب نہ ہوں۔قائد اعظم ٹرک اسٹینڈ کی وجہ سے ماڑیپور کی آبادیوں مضافاتی بستیوں کو جو تکلیف اٹھانی پڑی ہے وہ کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ہیوی وہیکل کی وجہ سے کراچی کی عوام پہلے ہی پریشان ہے ان کو مزید پریشان نہ کیا جائے۔ ٹرک اسٹینڈ کے دیرینہ مسائل حل کئے جائیں۔