دمشق‘ بنگلور (انٹرنیشنل ڈیسک + صباح نیوز) اسرائیل نے شام کے جنوبی حصے پر میزائل حملے کئے جس کو شامی فوج نے فضاء میں ہی ناکام بنا دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق میزائل دفاعی نظام کے باعث ناکام بنا دیا گیا۔ اسرائیلی نے گولان کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے متعدد میزائل فائر کئے۔ دریں اثناء ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ امریکی اور صیہونی حکومتیں اپنا اثرو رسوخ بڑھانے کے لئے دہشت گردی کو بطور ہتھکنڈا استعمال کر رہی ہیں۔ بنگلور میں انڈین اوشین ریجن آئی او آر کے وزرائے دفاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ حالیہ عشرے کے دوران بڑی طاقتوں کے اقدامات اور پالیسیوں کا نتیجہ، تشدد، انتہاپسندی، دہشت گردی، قتل و غارتگری، سرحدی اختلافات، جنگ، بدامنی اور تباہی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔