لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی ارب پتی لوگوں کا کلب ہے جس میں گالی گلوچ کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت پر کبھی ایکشن نہیں لیا گیا۔ وزیراعظم خرید و فرو خت کرنے والوں کو جانتے ہیں تو قوم کو نام بتائیں۔ وزیراعظم کی تقریریں سن سن کر لوگوں کے کان پک گئے ہیں۔ بتائیں اب تک قوم کے لیے کیا کیا۔ ثابت ہوچکا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سٹیٹس کو کے نمائندے، سب امریکہ سے ڈکٹیشن لیتے ہیں۔ جماعت اسلامی اس سیاسی بریانی کا حصہ نہیں بنے گی۔ عدالتیں اور ادارے طاقتور لوگوں پر ہاتھ نہیں ڈالتے۔ پانامہ لیکس میں جن کے نام آئے، ان کے خلاف آج تک ایکشن نہیں لیا گیا۔ مساجد و مدارس کے خلاف پراپیگنڈا ہورہا ہے۔ مغربی این جی اوز ملک کے خاندانی نظام کو برباد کرنے پر تلے ہوئی ہیں۔ ان کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 10 فروری سے استحکام خاندان مہم چلائیں گے۔ آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کا ساتھ دینے کے عہد کا اعادہ کر ے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ حکومت اپنی سیاسی موت مرے ان کو سیاسی شہادت کے درجہ پر فائز نہیں کرنا چاہتے۔ اگر پی ڈی ایم لانگ مارچ یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو اپنی مرضی کرے۔ جماعت اسلامی پی ڈی ایم یا پی ٹی آئی کی سیاسی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنے گی۔ جماعت اسلامی استعمار کے ایجنٹوں اور ملک کی نظریاتی اساس کا سودا کرنے والوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ جماعت اسلامی سچ اور ایمانداری کا انقلاب لائے گی۔