لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن بے نقاب ہو گئی۔ ان کا مکروہ چہرہ عوام نے دیکھ لیا ہے۔ اگر ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب ہی بکرا منڈی کے ذریعے ہو گا تو پھر پی ڈی ایم والے کون سی شفافیت کی بات کر رہے ہیں۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ مالدار پارٹیاں چور دروازے سے لوگوں کے ضمیروں کے سودے کریں۔ سینٹ الیکشن میں شو آف ہینڈ کے ذریعے تحریک انصاف انتخابات میں پیسہ کا استعمال ختم کروا کے سیاسی ٹھگوں کی دکانداری بند کرنا چاہتی ہے۔ آج کل مولانا اور راجکماری ایک دوسرے کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم نے حکومت پر عدم اعتماد کا صفحہ ہی پھاڑ دیا ہے، اب یہ ایک دوسرے پر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔ جعلی راجکماری نے پی ڈی ایم کی کشتی کا چپو مولانا کے ہاتھ میں تھمایا جو اب اپنے وزن سے ہی ڈوب رہی ہے۔ اور لوگ اس پر سے چھلانگیں لگا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ الیکشن کمشن نے جون کے پہلے ہفتے میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی تاریخ دی ہے جبکہ حکومت نے الیکشن 22اگست کو کروانے کی تجویز دی ہے۔ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات 3مراحل میں کروانا چاہتی ہے۔ ایک ماہ میں صوبہ کی 3ڈویژن میں انتخابات کروانے کی تجویز دی گئی ہے۔ نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کے بغیر حقیقی جمہوریت کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ اس لئے پنجاب حکومت نے قانون میں ضروری ترامیم بھی تجویز کی ہیں جس سے بلدیاتی نمائندوں اور اداروں کو سیاسی اور معاشی خودمختاری حاصل ہو گی۔ یوم کشمیر کے حوالے سے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ بھارت نے 550دنوں سے کشمیریوں کو غیر انسانی اور غیر قانونی جیل میں قید کر رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بے جا حراست، ماورائے عدالت قتل، تشدد اور خواتین کی عصمت دَری کا سلسلہ دہائیوں سے جاری ہے۔ 1989ء سے ابتک 95ہزار741 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ 7ہزار 163لوگوں کو دوران حراست موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ 22ہزار 924خواتین بیوہ ہو چکیں۔ 1لاکھ 7ہزار 813 بچے یتیم کر دئیے گئے۔ بھارتی درندوں کے ہاتھوں وادی میں خواتین کی عصمت دری عام ہے۔ کم از کم 11ہزار 234کشمیری خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ نہ کئے گئے جنسی تشدد کے واقعات اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ مقبوضہ وادی میں ہزاروں بے نام اجتماعی قبروں کی دریافت پر دْنیا بھر میں تشویش کی لہرہے۔ مقبول کشمیری لیڈر برہان وانی نے کی شہادت بعد بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ 10ہزار 280کشمیریوں کو پیلٹ گن کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے گورنر ہاؤس میں تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور گورنرچوہدری محمد سرور سمیت ارکان اسمبلی شرکت کریں گے۔ دریں ثناء فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا کہ آج کرپشن کرنے والے شیطانوں کی بیٹھک ہو رہی ہے اور کرپٹ ٹولے کے فیصلوں پر جوتیوں میں دال بٹے گی۔ پی ڈی ایم کی پہاڑی سے آج بھی مرا ہوا چوہا ہی نکلے گا۔ اور پی ڈی ایم کا جنازہ ذرا دھوم سے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن قریب آ گئے ہیں جب جعلی راجکماری‘ شہزادہ اور مولانا جعلی اتحاد کو ملکر دفنائیں گے۔