لاہور (انٹرویو۔احسان شوکت سے) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی قبضہ والے کشمیر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کے خلاف اور آزادی کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ہم اس جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارتی ظلم کا یہ نظام زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ بھارت اس جدوجہد میں رکاوٹیں توکھڑی کر سکتا ہے، لیکن اسے روک نہیں سکتا۔ بھارت کو آخرکار شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ قمر زمان کائرہ نے روزنامہ ـ’’نوائے وقت‘‘کو انٹرویو میں ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے ساتھ جوظلم بھارت کر رہا ہے، وہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ اب تو بھارتی ظلم کے خلاف برطانیہ اور امریکہ کی پارلیمنٹس میں بھی بات ہو رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا کشمیر کاز کے ساتھ ایک جذباتی رشتہ ہے۔ کشمیر کاز کے لئے سب سے زیادہ کام بھٹو شہید اور پیپلز پارٹی کی ہر حکومت نے کیا ہے۔ بھٹو شہید کشمیر ایشو کو اقوام متحدہ میں لے کر گئے اور وہاں پر اس بات کو ریکارڈ پر لے کر آئے کہ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کی مرضی سے ہونی چاہئے۔ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی ہر فورم پر کشمیرکی آزادی کے لئے آواز بلند کی تھی۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹوسمیت پیپلز پارٹی کی پوری قیادت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لئے حکومت بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرے۔ اس وقت جب امریکہ میں بھارتی لابی کو ایوان حکومت میں خاصی پذیرائی ملی ہے تو پاکستان کی حکومت کا کام بہت زیادہ بڑھ چکا ہے۔
آذادی کشمیر کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں بھارتی ظلم زیادہ نہیں چل سکتا : قمر کائرہ
Feb 05, 2021