لاہور( نیوز رپورٹر )پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے نو منتخب چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک میں باکسنگ کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر نے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین کو پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ فیڈریشن ان کی قیادت میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کیلئے کامیابیاں حاصل کریگی۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے چیئرمین نے وفاقی وزیر کو ملک میں ٹیلنٹ کی تلاش، تربیت اور باکسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ عالمی سطح پر باکسنگ میں پاکستان کی پوزیشن بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کیلئے بھر پور معاونت کا یقین دلایا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین گذشتہ ماہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔