لاہور (نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش سے متاثر ‘ قبل از وقت ختم کردیاگیا ۔ قومی ٹیم نے پہلے دن تین وکٹوں پر 145 رنز بنا لئے ہیں۔پنڈی سٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا لیکن 21 کے مجموعی سکور پر عمران بٹ 15 رنز ، عابد علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔پاکستان کے تین کھلاڑی صرف ایک رن کے فرق سے آؤٹ ہوئے، پہلی اور دوسری وکٹ 21 رنز پر گری جبکہ تیسری وکٹ 22 رنز پر گری۔یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک 123 رنز کی شراکت ہو چکی ہے، بابر اعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔مہاراج نے دو جبکہ انرچ نورجے نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم کا سکور 145 رنز پر پہنچا تو بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔بارش کی وجہ سے گرائونڈ متاثر ہونے کی وجہ سے امپائرز نے کھیل قبل ازوقت ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ گرائونڈسٹاف نے پچ کو ڈھانپ دیا ۔ دوسرے دن کھیل آدھا گھنٹہ پہلے شروع کیا جائے گا تاکہ پہلے دن کے کھیل کی کمی کو پورا کیا جاسکے ۔