کراچی (اسپورٹس ڈیسک )ٹوکیو اولمپکس کے سربراہ نے خواتین سے متعلق بیان دینے پر معافی مانگ لی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹوکیو اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ نے خواتین سے متعلق نامناسب بیان دینے پر استعفے کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد معافی مانگ لی۔برطانوی میڈیا کا بتانا ہے کہ 83 سالہ یوشیرو موری نے خواتین سے متعلق اپنے بیان سے پیچھے ہٹتے ہوئے استعفی نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوکیو اولمپکس کے سربراہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ خواتین بہت زیادہ باتیں کرتی ہیں اور اسی وجہ سے بورڈ آف ڈائریکٹر کی خواتین کے ساتھ میٹنگ میں بہت وقت لگتا ہے۔جاپانی اولمپکس کمیٹی کے بورڈ میں کل 24 ممبران ہیں جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔اولمپکس کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اگر ہم بورڈ ممبران میں خواتین کی تعداد بڑھاتے ہیں تو ہمیں ان کے بات کرنے کا وقت بھی یقینی طور پر بڑھاناہوگا کیونکہ انہیں ختم کرنے میں کافی مشکل ہوتی ہے جو کافی اذیت ناک ہے۔