لاہور(سپورٹس رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔پاکستان کے دورے کی منظوری کرکٹ آسٹریلیا کی بورڈ میٹنگ میں دی گئی۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم پاکستان جا رہی ہے۔چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کریگی، دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کیلئے اہم ہے۔ٹورکی منصوبہ بندی کرنے پرکرکٹرز ایسوسی ایشن، کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹ سٹاف اور سکیورٹی ایکسپرٹ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔پاکستان اور آسٹریلین کرکٹ بورڈز کی ہاہمی مشاورت سے دورے کا نیا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر دورہ پاکستان کا آغاز کریگی جبکہ سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا، ان میچز کے مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔وائٹ بال سیریز کیلئے آسٹریلوی سکواڈ میں منتخب ہونیوالے کھلاڑی 24 مارچ کوپاکستان پہنچیں گے، یہ تمام کھلاڑی اپنی آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد سکواڈ کے دیگرارکان سے مل سکیں گے، دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ کو کھیلا جائیگا۔سیریز میں شامل تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تمام ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا نیا شیڈول‘27 فروری: مہمان ٹیم کی پاکستان آمد‘4 تا 8 مارچ: پہلا ٹیسٹ راولپنڈی‘12 تا 16 مارچ دوسرا ٹیسٹ کراچی‘21تا 25 مارچ تیسرا ٹیسٹ لاہور‘29 مارچ پہلا ون ڈے راولپنڈی‘31 مارچ دوسرا ون ڈے راولپنڈی‘2 اپریل تیسرا ون ڈے راولپنڈی‘5 اپریل واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ راولپنڈی۔امکان ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتے کرے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ اپنے دورہ کے دوران آپ ہمارے لاہور اور کراچی کے دیسی کھانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔