اسلام آباد (عترت جعفری) بلاول بھٹو زرداری‘ آصف علی زرداری سمیت پی پی پی کی سرکردہ قیادت کی لاہور میں موجودگی کا ایک اثر سیاسی پیشرفت کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ بلاول آج چنیدہ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ شہباز شریف کے ظہرانہ میں شرکت کریں گے، اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ کی دعوت شہباز شریف نے دی تھی۔ بلاول زرداری جمعہ کو پارٹی لانگ مارچ کے سلسلے میں لاہور پہنچے تھے، اور اس کا مقصد پنجاب اور خاص طور پر لاہور میں لانگ مارچ کو بڑی عوامی قوت کے مظاہرہ میں بدلنا ہے۔ بتایا گیا ہے شہباز شریف اور بلاول کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی، جس میں لانگ مارچ اور دوسرے سیاسی امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ میاں شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو آج ہفتہ کو لنچ پر مدعو کیا تاکہ دونوں جماعتوں کی قیادت کے درمیان تفصیل سے بات چیت ہو سکے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس دعوت کو قبول کر لیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے میاں شہباز شریف کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کے فوری بعد آصف علی زرداری کو بات چیت پر اعتماد میں لیا۔ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پی پی پی کے جو رہنما جائیں گے ان کے نام طے کئے گئے ہیں، ان میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف شامل ہوں گے۔ پی پی پی کے ایک ذریعے نے بتایا کی ٹیلی فونک بات چیت کے بعد پی پی پی کی قیادت کے درمیان مشاورت ہوئی ہے کہ ملاقات میں پارٹی کے لانگ مارچ اور دوسرے سیاسی ایشوز پر سوچ کو واضح طور پر پی ایم ایل این کی قیادت کو بتا دیا جائے۔ پی پی پی اسلام آباد میں د ھرنا دینے کی مخالف ہے، اور اپنے لانگ مارچ کوا حتجاج تک ہی محدود رکھنا چاہتی ہے۔ ظہرانہ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز شریف اور پی ایم ایل این کے اہم رہنما موجود ہوں گے ۔ بلاول بھٹو چند روز لاہور میں قیام کے بعد ملتان جائیںگے ۔