کراچی (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر نوائے وقت کو دیئے گئے اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ کشمیر کی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا۔ بھارت کا مقدر شکست ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن و امان، خوشحالی کا خواب ادھورا رہے گا۔ عالمی برادری عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے، مودی کو لگام دے۔ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت کے قبضے سے کشمیر کی آزادی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن ہے۔ پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ ہے۔ عالمی منصف مظلوم کشمیریوں کو انصاف دلوانے میں مدد کریں۔ ہمیں یقین ہے کہ کشمیر کی آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ مراد علی شاہ نے واضح طور پر کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول تک حمایت جاری رکھیں گے۔