لاہور ( کامرس رپورٹر) پراپشور ڈیجیٹل سلوشنز نے اربن پاکستان کا ڈیجیٹائز ڈیٹا لانچ کردیا۔پراپشور ڈیجیٹل سولوشنز نے مْلکی رئیل سٹیٹ سیکٹر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کے پلانڈ ایریا کا ڈیجیٹل ڈیٹا لانچ کردیا۔ڈیجیٹل میپ کی تقریب رونمائی نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) میں ہوئی، جس میں چیئرمین امارات گروپ شفیق اکبر، صدر ایڈوائزری بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہارون اسلم، ڈائریکٹر پراپشور تیمور الحق عباسی، گروپ ڈائریکٹر گرانہ ڈاٹ کام فرحان جاوید اور ارسلان جاوید اور ڈائریکٹر ایجنسی 21 شرجیل احمر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گروپ چیئرمین شفیق اکبر نے کہا کہ پاکستان کے پلانڈ ایریا کا ڈیجیٹل میپ لانچ کرنا مْلکی رئیل سٹیٹ سیکٹر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اس اقدام سے رئیل سٹیٹ سیکٹر میں شفافیت کا فروغ یقینی ہوگا۔صدر ایڈوائزری بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہارون اسلم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میپنگ کی اِس کاوش کے پیچھے ماہرین کی مکمل ٹیم کار فرما تھی۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل صلاحیتوں سے بھرپور ہے، جس کے ادراک سے مْلکی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔ڈائریکٹر پراپشور تیمور الحق عباسی کا کہنا تھا کہ اِس ڈیجیٹل نقشے کے اجراء سے لوگ کسی بھی پراپرٹی کی مکمل تفصیل حاصل کرسکتے ہیں، پراپرٹی کی قانونی حیثیت کی جانچ سے لوگ اس سیکٹر میں فراڈ اور دھوکہ دہی جیسے معاملات سے خود کو بچا سکتے ہیں۔