پنجگور : 2 اہم کمانڈروں سمیت 3 دہشتگرد ہلاک : چمن دستی بم حملے میں 2 زخمی 

اسلام آباد‘ لاہور‘ چمن‘ ملتان (خبر نگار خصوصی+ سپیشل رپورٹ+ خبر نگار+ نامہ نگار) سکیورٹی فورسز کی پنجگور میں کارروائی کے دوران دو اہم دہشتگرد کمانڈروں سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجگور میں خفیہ اطلاعات پر دہشتگردوں کے ایک عارضی ٹھکانے پر کیے گئے فالو اپ کلیئرنس آپریشن میں کیچ کے علاقے بالگتر میں 2 ہائی ویلیو اہداف سمیت 3 دہشت گرد مارے گئے۔ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر سمیر عرف بحر، دہشت گرد کمانڈر الطاف عرف لالک اور دہشت گرد کمانڈر پھلان بلوچ مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد ہوشاب، پنجگور اور دیگر علاقوں میں سکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بڑی بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ چمن میں سیول کراس چیک پوسٹ کے قریب دستی بم دھماکے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ لیویز حکام کے مطابق زخمیوں میں دو لیویز اہلکار بھی شامل ہیں۔ دوسری طرف انسداد دہشت گردی فورس نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنطیم داعش کے دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، نٹ بولٹ، غیرملکی کرنسی سمیت دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔ مبینہ دہشت گرد مستونگ سے مچھ دہشت گردی کی بڑی واردات کرنے آرہا تھا۔ ملتان اور میاں چنوں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں‘ کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گرد گرفتار‘ دستی بم اور ممنوعہ اسلحہ برآمد۔ فورسز نے چاروں ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت ملتان  میں پیش  کیا۔ جس پر عدالت نے تین ملزمان کا چھ چھ روزہ جسمانی ریمانڈ جبکہ ایک ملزم محمد ہاشم کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے سی ٹی ڈی کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ مبینہ دہشت گردوں عمران حیدر اور ریاض احمد کو میاں چنوں سے گرفتار کیا گیا۔ عمران ولد حیدر سکنہ شورکوٹ اور ریاض احمد ولد شیرا سکنہ بوریوالہ شامل ہیں۔ ملزم محمد عرفان عرف عبدالرحمن کو ملتان کے علاقے نگانہ چوک سے گرفتار کیا گیا جس کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن