نواز شریف کوصحت کارڈ جاری ‘عمران کو جاری  کرنے  کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع 

 اسلام آباد(آئی این پی+این این آئی)حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف کو صحت کارڈ جاری کر دیا گیا،محکمہ صحت کی جانب سے اس حوالے سے نواز شریف سے مخاطب ہو کر کہا گیا ہے کہ آپ صحت کارڈ کے ذریعے سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج کرا سکتے ہیں،محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف بطور سربراہِ خاندان مزید ایک فرد کا علاج کرانے کے مجاز ہیں، علاج میں 10لاکھ روپے سے زائد رقم کی ضرورت پڑی تو خصوصی کمیٹی اس کا انتظام کرے گی۔ وزیراعظم عمران خان کو صحت کارڈ جاری کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔مسلم لیگ(ن)کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہاگیا ہے کہ عمران خان صحت کارڈ کیلئے اہل ہیں۔صحت کارڈ کے حصول کے بعد عمران خان بھی اپنا ذہنی علاج کسی بھی اچھے ہسپتال سے کراسکتے ہیں۔حکومت ہر شہری کو صحت کارڈ جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔وزیراعظم عمران خان بھی پاکستانی شہری ہیں ،بطور ریاست کا سربراہ انکا سب سے پہلے صحت کارڈ ملنا انکا حق ہے۔ قرار دا دمیں مطالبہ کیاگیا کہ  وزیراعظم عمران خان کو بھی صحت کارڈ جاری کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن