کراچی(نیوزرپورٹر) سندھ کے وزیراطلاعات ،محنت و افرادی قوت سعید غنی نے یومِ یکجہتی کشمیر پرنوائے وقت کو دیئے گئے اپنے خصوصی پیغام میںکہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، بھارت کشمیر میں مظلوم عوام پر ظلم بند کرے۔ کشمیری75 برسوں سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ کشمیریوں کا آزادی کا موقف مضبوط ہو رہا ہے۔ وزیراطلاعات ،محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں ،5فروری کا دن کشمیری عوام کے ساتھ تجدید عہد وفا کا دن ہے،75 سال سے کشمیر کے عوام اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر کی تاریک رات اب ختم ہونے کو ہے، آج پوری دنیا بھارت کے غاصبانہ رویے کے خلاف سراپا احتجاج ہے، کشمیر میں لگائی گئی آگ اب بھارت کے اندر تک پہنچ چکی ہے۔کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی ٹھیکیداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، کشمیری بھائیوں کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارت سے آزادی کشمیریوں کا حق ہے، ہمیںیقین ہے کہ ایک دن کشمیر بھارت کے قبضے سے آزاد ہوگا۔ وزیراطلاعات ،محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی جدوجہد کے بارآور ہونے تک بھرپور حمایت جاری رکھے گی کیونکہ یہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اورشہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ہم پرعزم ہیں۔