اسلام آباد (نا مہ نگار )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے روایت ہلال کمیٹی بل2022 شرعی رائے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا۔کمیٹی نے وزارت مذہبی امور کا مالی سال2022-23 کے سالانہ 1199792 ملین روپے مالیت کے پی ایس ڈی پی کی کی منظوری دیدی۔کمیٹی کو وفاقی وزیر نور الحق قادری نے بتایا کہ پیغام پاکستان اعلامیہ تمام مسالک اور مکاتب فکر کی رضا مندی سے بنایا گیا اوراسکی روح سے کسی کو اختلاف نہیں ، اعلامئے پر 5ہزار سے زائد افراد دستخط کر چکے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے ۔جمعہ کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اسعد محمودکی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائو س میں ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ وفاقی وزیر مذہبی امورڈاکٹر نور الحق قادری،پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی آفتاب جہانگیر ، سیکرٹری، وزارت مذہبی امور علاوہ کئی اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے ترقیاتی بجٹ برائے مالی سال 23-2022 پر غور کیا گیا جسکی کمیٹی نے متفقہ طور پرمنظوری دیدی۔ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے حکام نے حکومت کے رویت ہلال بل2022 پر بریفنگ دی۔