کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع مقامی اور صوبائی سرکاری دفاتر کے مرکز سوک سینٹر میں مبینہ طور پر جنات کی شرارتوں کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے دفتر میں 2 ملازمین کام کر رہے ہوتے ہیں کہ ٹیبل پر پڑی فائلوں کے ڈھیر میں سے ایک فائل نیچے گر جاتی ہے۔ سامنے ایسا کوئی شخص نظر نہیں آتا مگر کام کرنے والا ملازم کسی کو مخاطب کرتے ہوئے شرارت کرنے سے منع کرتا ہے۔ یہ تمام مناظر ایچ بی ایف سی بلڈنگ میں نصب کیمرے میں بھی محفوظ ہوئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ مغرب کی اذان کے بعد غیرمرئی مخلوق کی حرکات شروع ہوجاتی ہیں۔ ایسی ہی دوسری ویڈیو میں اسی دفتر میں کرسی پر بیٹھا ہوا شخص سامنے کی خالی کرسی پر مبینہ طور پر فرضی افسر سے گفتگو کر رہا ہے، اس طرح ان کو کسی اور شخص کے آنے کا کہتا ہے اور احتراما اٹھ کر کھڑا ہو جاتا ہے، اس موقع پر مبینہ طور پر آنے والے کے لیے راستہ بنایا جاتا ہے، کرسیاں خودبخود کھسکتی نظر آتی ہیں۔ اس دوران ویڈیو بنانے والا شخص خوفزدہ ہو کر بھاگ کھڑا ہوتا ہے اور مختلف کمروں سے ہوتا ہوا سیڑھی کا راستہ لیتا ہے۔