کراچی ، شارع فیصل پر تعمیر غیر قانونی عمارت نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام مکمل 

کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں شارع فیصل پر بنی غیر قانونی بلڈنگ نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام مکمل کرلیا گیا جبکہ اب ملبہ اٹھانے کا مرحلہ باقی ہے، سروس روڈ  پر قبضہ کرکے بنائی گئی 16 منزلہ عمارت کو گرانے کا حکم سپریم کورٹ نے دیا تھا۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے بالآخر 68 دن بعد نسلہ ٹاور گرانے کا کام مکمل کرلیا، کراچی کی ضلعی انتظامیہ نے نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام 27 نومبر 2021 کو شروع کیا تھا، آج گراؤنڈ فلور کا اسٹرکچر بھی توڑ دیا گیا اور اب ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔ عدالت عظمی نے کراچی کے شارع فیصل پر غیرقانونی طور پر زمین قبضہ کرکے 1121 مربع گز زمین پر بنے نسلہ ٹاور کو گرانے کا حکم دیا تھام جس کی جائز زمین صرف 760 مربع گز تھی جبکہ بلڈر نے ایس بی سی اے اور دیگر سرکاری اداروں سے ملی بھگت کرکے 341 مربع گز زمین پر قبضہ کیا تھا۔نسلہ ٹاور کی غیرقانونی تعمیر کے باعث شارع فیصل کا سروس روڈ بند ہوگیا تھا، الاٹیز کو رقم کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کی 760 مربع گز زمین کراچی انتظامیہ کی تحویل میں دے دی تھی۔

ای پیپر دی نیشن